قومی کرکٹر حیدر علی مانچسٹر میں ایک کرمنل کیس میں شامل تفتیش ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے کرکٹر حیدر علی پر خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام کے بعد انہیں معطل کرکے ان کی جگہ محمد فائق کو پاکستان شاہینز اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
یہ واقعہ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آیا۔ تاہم حیدر علی کے وکیل نے کرکٹر پر عائد تمام الزامات کو مسترد کیا ہے، جس کے بعد کھلاڑی کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔
پولیس نے حیدر علی کو دو ہفتے بعد دوبارہ طلب کیا ہے، جبکہ ان کے برطانیہ چھوڑنے پر پابندی عائد ہے۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں نصف سنچری اسکور کرنے والے کم عمر کھلاڑی حیدر علی نے 24 سال کی عمر میں ستمبر 2019 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ان کا بین الاقوامی ڈیبیو یکم ستمبر 2020 کو ہوا۔
ان کی کمپیکٹ بیٹنگ تکنیک، مضبوط آف سائیڈ پلے، ٹھوس دفاعی مہارت اور مؤثر پل شاٹس کی وجہ سے اکثر ان کا بھارتی کھلاڑی روہت شرما سے موازنہ کیا جاتا ہے۔
دسمبر 2019 میں، انہیں پشاور زلمی نے 2020 کے پاکستان سپر لیگ (PSL) ڈرافٹ کے دوران سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا تھا، جس کے بعد 10 مارچ 2020 کو وہ پی ایس ایل میں نصف سنچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاری بنے۔
حیدر علی جون 2021 میں دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے موقع پر پاکستانی اسکواڈز کا حصہ بھی رہے، تاہم انہیں 24 جون 2021 کو، پی ایس ایل 2021 کے ٹورنامنٹ کے دوران بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر اسکواڈ سے ہٹا دیا گیا تھا۔
اس کے 3 ماہ بعد اکتوبر 2021 میں انہیں سری لنکا کے دورے کے موقع پر پاکستان شاہینز کا نائب کپتان نامزد کیا گیا تھا۔
اگست 2022 میں، حیدر علی نے ایشیا کپ 2022 کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں جگہ حاصل کی۔ اس کے بعد 2023 میں ہونے والے ایشین گیمز میں پاکستانی کی نمائندگی کرتے ہوئے خاطر خواہ پرفارمنس نہ دے سکے۔
حیدر علی نے 2 ون ڈے اور 35 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ وہ 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کا حصہ تھے، جبکہ بھارت کے خلاف اہم میچ میں وہ ٹیم میں شامل تھے۔
حالیہ برطانیہ کے دورے میں پاکستان شاہینز کے سینئر رکن تھے۔ اس دورے پر، انہوں نے فرسٹ کلاس الیون کے خلاف 50 اوور کے تینوں میچوں کے ساتھ ساتھ 2 تین روزہ مقابلوں میں بھی حصہ لیا۔
انہوں نے اب تک 2 ون ڈے انٹرنیشنل جبکہ 35 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بالترتیب 42 اور 3 نصف سنچریوں کے ساتھ 505 رینز اسکور کیے ہیں۔
اس کے علاوہ پی ایس ایل میں انہوں نے تین مختلف فرنچائز کے ساتھ 49 میچز کھیلے جس میں 4 نصف سنچریز ، 76 چوکوں اور 41 چھکوں کے ساتھ کُل 846 رنز اسکور کیے ہیں۔