کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین صنعان قریشی نے کہا ہے کہ سندھ میں 6 متنازع نہروں کے منصوبے کو واپس لینےکا نوٹیفکیشن 2 مئی تک جاری نہ کیا گیا تو جسقم پورے سندھ کو بلاک کردے گی، یہ اعلان انہوں نےملیر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سندھ کی زندگی دریائے سندھ پر ہے جس پر کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، سندھ کے وسائل پر ہمیشہ وفاق کا قبضہ رہا ہے اب سندھی بیدار ہو چکے ہیں اور اپنے دریا کے لیے مرنے مارنے کو تیار ہیں، سندھ ہماری جان ہے اور انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے جے ایس کیو ایم اور قومی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ سندھ میں جہاں کہیں بھی ہوں بچیوں، بچوں، مریضوں اور پھنسے ہوئے جانوروں کے لیے پانی اور چارے کے مکمل انتظامات کریں،انہیں بحفاظت منزل تک پہنچانے میں مدد کریں اور خاص طور پر مسافروں کا خیال رکھیں، انہوں نے ملیر سمیت سندھ بھر میں دھرنوں پر پولیس کے تشدد اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی۔