اسلام آباد( تنویر ہاشمی ،کامرس رپورٹر ) رواں مالی سال کے پہلے 9ماہ کے دوران ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ، انڈس موٹر کمپنی کی گاڑیوں کی فروخت میں 57فیصد اضافہ ہوا ہے، کمپنی نے جولائی سے مارچ کے نوما ہ میں 21ہزار890گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ گزشتہ سال اس عرصے میں 13922گاڑیاں فروخت ہوئی،فروخت میں اضافہ گاڑیوں کی طلب میں بحالی اور کرولا کراس اور ٹویوٹا یارِس جیسے ماڈلز کی مسلسل کامیابی کا نتیجہ ہے، جنہیں بروقت فیچر اپڈیٹس اور ماڈل میں بہتری کے ذریعے مزید بہتر بنایا گیا۔ اس مدت کے دوران کمپنی کی خالص فروخت آمدن بڑھ کر 145ارب 53کروڑ روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 98 ارب 23کروڑ روپے رہی تھی،کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع نمایاں اضافہ کے ساتھ 16ارب 55کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 9 ارب 41کروڑ روپے رہا تھا۔ انڈس موٹر کمپنی کے سی ای او، علی اصغر جمالی نے کہا، ʼʼانڈس موٹر کمپنی نے مالی سال 2024-25کے پہلے نو ماہ میں شرح سود میں کمی، صارفین کے اعتماد میں اضافے اور مستحکم زر مبادلہ کی شرحوں کی بدولت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔