کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں شہریوں نے بجلی اور پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ،تفصیلات کے مطابق گرم چشمہ مین منگھو پیر روڈ کے قریب مکینوں نے چنگی ناکہ سےنیو ناظم آباد آنے اور جانے والے دونوں ٹریک ٹریفک کے لئے بند کردئیے،جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیااور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ، بعد ازاں علاقہ پولیس نے مظاہرین کو بات چیت کرکے منتشر کردیا اور سڑک پر ٹریفک کی روانی کو بحال کروایا ،گارڈن کے مکینوں نے کے الیکٹرک آفس کے سامنے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین نے آغا خان سوئم روڈ انکل سریا روڈ کے دونوں ٹریک کو رکاوٹیں لگا کر ٹریفک کے لئے بند کردیا ، احتجاج کے باعث ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کئے اور سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا ۔