• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترقی اور خوشحالی کیلئے لڑکیوں کی تعلیم ازحد ضروری ہے، سینیٹر روبینہ خالد

اسلام آباد(کامرس رپور ٹر )چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ اگر ماں پڑھی لکھی ہو گی تو خاندان اور معاشرہ ترقی کرےگا، لہذا ترقی اور خوشحالی کیلئے لڑکیوں کی تعلیم ازحد ضروری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں ڈھیرمونڈ تلہ گنگ میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے تحت چلنے والے متعدد منصوبوں جیسا کہ بینظیر کفالت، بینظیر نشوونما، بینظیر تعلیمی وظائف اور بینظیر ہنرمند پروگرام کے حوالے سے خواتین کو آگاہ کیا اور انھیں بتایا کہ کفالت پروگرام کی قسط کے زریعے نہ صرف ایک کروڑ مستحق گھرانوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کی جارہی ہیں بلکہ بینظیر ہنرمند پروگرام جیسے منصوبوں کے ذریعے انھیں معاشی سرگرمیوں کا اہل بنا کے ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کی کوشش بھی کی جارہی ہے،سینیٹر روبینہ خالد نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ چکوال اور تلہ گنگ کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی مستحق خواتین کے اندراج کیلئے بی آئی ایس پی کی موبائل ٹیمیں تعینات کی جائینگی اور مزید علاقوں میں ڈائنامک رجسٹری سنٹرز قائم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ملک حسن سردار، سلمیٰ برکات، زینب ملک، اشبر جدون اور سردار اظہر عباس نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔
اسلام آباد سے مزید