پشاور(کرائمرپورٹر) پشاور کی سب سے بڑی کرنسی مارکیٹ( صرافہ بازار)میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ہنڈی حوالہ کرنے والے کرنسی ڈیلرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے قبضہ میں لے لیے جبکہ متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق کریک ڈاون کے دوران متعدد کرنسی ڈیلرز دکانیں چھوڑ کرفرار ہوگئے تھے ۔ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ روزملکی وغیرملکی کرنسی کا غیرقانونی کاروبار کی اطلاع پر وفاقی اداروں نے چوک یادگار میں صرافوں کی سب سے بڑی مارکیٹ میں کاروائی کی، اس دوران 10 سے زائد افرادکوحراست میں لیاگیا۔ ذرائع نے بتایاکہ ملزمان کے قبضے سے کروڑوں روپوں کی ملکی و غیر ملکی کرنسی بھی برآمدکرلی گئی ہے ،بتایاجارہاکہ کریک ڈاون کے دوران صرافہ مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی تھی اور کئی ڈیلرزفرار ہوگئے تھے ۔قبضے میں لی گئی ملکی وغیرملکی کرنسی کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔ گرفتارملزمان سے تفتیش جاری ہے ۔