پشاور(وقائع نگار) ضلعی انتظامیہ پشاور نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے چنگڑ آباد سپلائی روڈ پر 50سے زائد غیر قانونی تعمیرات کومسمار کر دیا۔ آپریشن کے دوران بھاری مشینری کی مدد سے درجنوں غیر قانونی دکانوں اور دیگر تجاوزات کو ہٹایا گیا۔ یہ آپریشن کئی گھنٹوں پر محیط رہا، جس کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔آپریشن میں 17 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی جس کی مالیت 2 ارب سے زائد بنتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پشاور شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور عوامی راستوں کی بحالی کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنتی ہیں بلکہ عوامی سہولیات میں بھی خلل ڈالتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری یہ مہم بلا تفریق جاری رہے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پشاور شہر کو صاف، منظم اور عوام دوست بنانے کے لیے تمام ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ تجاوزات سے گریز کریں اور شہر کو خوبصورت اور محفوظ بنانے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں ۔