• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ‘کم وزن روٹی فروخت کرنیوالے نانبائیوں کیخلاف کریک ڈاؤن

پشاور(وقائع نگار)صوبائی دارالحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کم وزن روٹی فروخت کرنے والے نانبائیوں کے خلاف متحرک ہے اور انتظامی افسران نے پشاور کے مختلف علاقوں سے کم وزن روٹی فروخت کرنے پر بیشتر نانبائیوں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پشاور نے مختلف علاقوں میں نانبائیوں کی دکانوں میں روٹی کے وزن کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران حیات آباد، یونیورسٹی روڈ، کوہاٹ روڈ، دلہ زاک روڈ، چارسدہ روڈ، جی ٹی روڈ، اندرون شہر بازاروں اور دیگر علاقوں میں نانبائیوں کی دکانوں کا معائنہ کیا گیا۔ مقرر کردہ سرکاری نرخوں سے زائد پر روٹی فروخت کرنے اور کم وزن روٹی پر 92 نانبائیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان گرفتار نانبائیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کے مطابق انتظامی افسران پشاور بھر میں مسلسل روٹی کے وزن کا معائنہ کر رہے ہیں اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کم وزن روٹی یا زائد نرخ کی شکایات فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو رپورٹ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
پشاور سے مزید