جنیوا (اے ایف پی)عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ روز غزہ میں سامنے آنے والی خوفناک صورتحال کی مذمت کی، ایک اعلیٰ عہدیدار نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا گھناؤنے عمل کو جاری رکھنے کی اجازت دے رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے ہیلتھ ایجنسی کے ایمرجنسی ڈائریکٹر مائیک ریان نے جنیوا میں صحافیوں سے کہا کہ ہمیں اپنے آپ سے پوچھنا ہوگا کہ سیاسی مقاصد کو پورا کرنے کے لیے کتنا خون کافی ہوگا،ہم غزہ کے بچوں کے جسموں اور ذہنوں کو تباہ کر رہے ہیں،ہم غزہ کے بچوں کو بھوک سے مرنے دے رہے ہیں، کیونکہ اگر ہم اس کے بارے میں کچھ نہیں کرتے ہیں تو جو ہورہا ہے ہم اس میں شامل ہیں۔مائیک ریان نے غزہ میں اعضاء سے محروم ہونے والے ایک ہزار سے زائد بچوں، ہزاروں بچے جن کی ریڑھ کی ہڈی میں چوٹیں ہیں، سر میں شدید چوٹیں ہیں جن سے وہ کبھی ٹھیک نہیں ہوں گے اور نفسیاتی حالات کی نشاندہی کی۔