اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )بیوروکریٹس کی گریڈ 20سے 21میں ترقی کیلئے لازمی نیشنل سیکورٹی اینڈ وار کورس 2025-26 کیلئے پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے 3 افسران کی اضافی نامزدگی کی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے صدر، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کو ارسال کردہ مراسلے کے مطابق جن افسران کو نامزد کیا گیا ہے اُن میں جوائنٹ سیکریٹری/مالی مشیر، وزارتِ خزانہ (ملٹری فنانس ونگ)، اسلام آباد شینا علی منصور، جوائنٹ سیکریٹری، وزارتِ خزانہ (ملٹری فنانس ونگ)، راولپنڈی عرفان بشیر اور ڈائریکٹر جنرل آڈٹ ورکس (صوبائی)، سندھ، کراچی الطاف احمد شیخ شامل ہیں، اِن افسران کی حتمی شمولیت نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی منظوری سے مشروط ہو گی، تینوں نامزد افسران کے مکمل بائیوڈیٹا، آئی سی پی چارٹس اور سالانہ طبی معائنے کی رپورٹس جلد از جلد نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کو بھجوائی جائیں گی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نامزد افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مطلوبہ معلومات اور میڈیکل رپورٹس فوری طور پر جمع کروائیں تاکہ بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔