• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خالد بن ولید روڈ، دو مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، ملزمان فرار

کراچی( اسٹاف رپورٹر )خالد بن ولید روڈ پر مسلح ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق، فیروز آباد تھانے کی حدود خالد بن ولید روڈ ٹیوٹا شوروم کے قریب موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے وہاں کھڑے ایک شخص پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔فائرنگ کے نتیجے میں مذکورہ شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے اور مقتول کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں اسکی شناخت 58 سالہ پیر صاحب خان ولد کٹ خان کے نام سے ہوئی۔ ایس ایچ او انعام جونیجو کے مطابق مقتول پر تیس بور پستول سے فائرنگ کی گئی اور اسے سات گولیاں لگی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مقتول کے ساتھ ایک رکشہ کھڑا تھا جس پر بھی پستول کے فائر لگے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مقتول کا تعلق شمالی وزیرستان سے تھا تاہم کراچی میں اسکی رہائش سے متعلق فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بظاہر واقعہ کسی ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید