کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے ایم سی جوائنٹ آفیسرز آفیشلز ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ شہدائے فائر بریگیڈ شہرکے محسن ہیں ،شہدا کے لواحقین کو ملازمت دی جائے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے یادگار شہدائے فائر بریگیڈکا قیام ایک احسن اقدام ہے، کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ نعیم جمال، صدر آصف خان جنرل سیکریٹری سید ناصر رضا رضوی، کوآرڈی نیٹرز برہان الحق اور جہانگیر الدین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ شہریوں کے جان و مال کو آگ سے بچانے والے یہ فائرفائٹرز اکثر دوران ڈیوٹی شہید بھی ہوجاتے ہیں جن کی تعداد ہزاروں میں ہے، کراچی کے یہ محسن تمام تر قربانیوں کے باوجود اکثر اپنی اجرت سے محروم اور محکمانہ عدم توجہی کا شکار رہتے ہیں، کئی کئی ماہ انہیں اوور ٹائم الاونس سے بھی محروم رکھا گیا اور موجودہ حالات میں کئی ماہ کا اوور ٹائم سرے سے آج تک ادا ہی نہیں کیا گیا، جب کہ حکام کی ذمے داری ہے کہ وہ شہید فائر فائٹرز کے گھر کے کم از کم ایک فرد کو ملازمت پر رکھیں،حاضر ڈیوٹی فائر فائٹرز کی اجرت اور وردی سمیت ان کی تمام قانونی ضرورتوں کا ترجیحی بنیادوں پر خیال رکھا جائے، دوران ڈیوٹی زخمی ہوئے فائر فائٹرز کے علاج معالجہ کے لیے اچھی طبی سہولتوں کا خیال رکھا جائے۔