کراچی(اسٹاف رپورٹر )کے ایم سی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر اوراپوزیشن لیڈر و نائب امیرجماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نےجامعہ کراچی سے گزرنے والی 84انچ کی پائپ لائن پھٹنے کے مقام پر مرمت کے کام کاجائزہ لیا،بلک سپلائی کے ایگزیکٹیو انجینئر ظفر علی پلیجو نے پورے واقعے اور مرمت کے جاری کام پر بریفنگ دی اور بتایا کہ 50سال سے زیادہ پرانی لائن خستہ حال ہوچکی ہے اور اس کی اطلاع سندھ حکومت کو دے چکے ہیں،اس موقع پر سیف الدین ایڈوکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت کراچی کے معاملات پر بے حسی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کررہی ہے،6دن سے کراچی کا بڑا حصہ پانی سے محروم ہے، شدید گرمی میں شہری بوند بوند کو ترس رہے ہیں لیکن کسی حکومتی وزیریا مشیر کو یہاں آنے کی توفیق نہیں ہوئی،عالمی ماحولیاتی اداروں سے بھاری قرضوں کے باوجود کراچی مسلسل تنزلی کا شکار ہے،سندھ حکومت کراچی سے کھلا متعصبانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے، کراچی کے مقامی افراد کے بجائے صوبہ بھر کے نااہل افرادکراچی کی اہم ذمہ داریوں پر تعینات کردیے گئے ہیں۔