کراچی(اسٹاف رپورٹر) الفلاح تھانہ کی حدود ملیر دائود گوٹھ میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے ،دھماکہ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا، اطلا ع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر کے علاقے کوگھیرے میں لیکر جائے وقوعہ سے شواہد جمع کئے اور زخمی شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا، دھماکے سے جائے وقوع پر موجود موٹر سائیکل، ایمبولینس اور ریلوے ٹریک کو بھی نقصان پہنچا ، تفتیشی حکام کا کہناہے کہ روسی ساختہ دستی بم کا وزن 450 گرام تھا، اسی نوعیت کا دستی بم 28 مارچ کو قائد آباد پولیس ناکے پر بھی استعمال کیا گیا، جس میں 3 اہلکار زخمی ہوئے تھے،حکام کے مطابق دونوں حملوں میں ایک ہی طرز کا دستی بم استعمال ہوا، واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔