کراچی(اسٹاف رپورٹر)بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان کے حق میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام دوسرے روز بھی مظاہرے کا سلسلہ جارہ رہا، اتوار کو کورنگی 5نمبر پر مظاہرہ کیا گیا، حق پرست رکن قومی اسمبلی عامر معین پیرزادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی کے عوام اپنی افواج کے ساتھ کھڑ ے ہیں کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا کورنگی کے عوام بارڈر توڑ کر انڈیا جائیں گے ،اگر انڈیا نے سندھ طاس معاہدہ توڑتے ہوئے پانی روکنے کی کوشش کی اور کوئی ڈیم بنایا تو ہم اس کو توڑ دینگے،ہم کشمیر کو بھی آزاد کروائیں گے ، رکن سندھ اسمبلی شارق جمال نے کہا کہ بھارت نے پانی روک کر آبی دہشتگردی کی تو اپنا حق چھیننا بھی جانتے ہیں ، رکن صوبائی اسمبلی نجم مرزا، سکندر خاتون ، قرت العین خان نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثنا لیاقت آباد نمبر دس پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے احمد سلیم صدیقی نے کہا کہ پاک فوج ہمارا فخر ہے پاکستان کی سالمیت پر اٹھنے والی میلی آنکھ کسی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی، دریں اثناءآل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اورنگی مونوٹیک انسٹیٹیوٹ 7C میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔