ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی(میپکو) میں ٹرانسفارمرز کی شدید قلت کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے لگی ، جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کا استعمال بڑھ گیا ہے، جس سے کئی علاقوں میں ٹرانسفارمرز جلنے یا خراب ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، مگر متبادل ٹرانسفارمرز کی عدم دستیابی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ذرائع کے مطابق میپکو کے پاس خراب ٹرانسفارمرز کی فوری تبدیلی کے لیے مطلوبہ تعداد میں اسٹاک موجود نہیں، جس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں کئی کئی دن بجلی بند رہتی ہے۔ اس سے نہ صرف گھریلو زندگی بلکہ تجارتی و صنعتی سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں۔شہریوں نے میپکو انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ٹرانسفارمرز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور متاثرہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر بجلی بحال کی جائے۔ شہریوں نے کہا ہے کہ بجلی کی بندش نے ان کی روزمرہ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے اور گرمی کی شدت میں اضافہ ان کے لیے مزید مشکلات لا رہا ہے۔ میپکوذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں کمی کے باعث ٹرانسفارمرز کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے،بجٹ میں اضافہ کے لیے اتھارٹی کو لیٹر ارسال کیا جاچکا ہےتاہم سرخ فیتے کے باعث اضافی بجٹ تاحال فراہم نہیں کیا جاسکا، متعدد ٹرانسفارمرزاوورلوڈ ہیں جہاں دو ٹرانسفارمرز کی ضرورت ہے وہاںقلت کے باعث ایک ٹرانسفارمر سے کام چلایا جارہاہے، بعض اوقات اوورلوڈ کے باعث یہ ٹرانسفارمر بھی جل جاتاہے-