ملتان (رؤف مان)شہر اولیا کے ایک نجی تعلیمی ادارے کے فرسٹ ایئر کے بچوں کا مستقبل بھی داؤ پر لگ گیا،تعلیمی ادارے کے ڈیفالٹ ہونے کے سبب اس کے 380طالب علموں کا تعلیمی بورڈ ملتان کے تحت 20مئی سے شروع ہونے والے انٹر پارٹ فرسٹ سالانہ امتحان2025ء میں عدم شرکت کا خدشہ پیدا ہوگیاہے، بتایا گیاہے کہ مذکورہ نجی کالج کی انتظامیہ نے بروقت ان 380بچوں کی رجسٹریشن اور ریٹرن بورڈ کو نہیں بھجوائی جس کے باعث بورڈ نے ان کا پورٹل بند کردیاہے،اس صورت حال میں ان طالب علموں کوبورڈ کی جانب سے رول نمبر سلپس جاری نہیں ہوسکیں گی ،بتایا گیاہے کہ نجی کالج نے رجسٹریشن وریٹرن کی فیس تاحال جمع نہیں کرائی اور جرمانے ساتھ بقایاجات مجموعی طور پر تین کروڑ روپے سے زائد کے ہوچکے ہیں،یہ امر قابل ذکرہے کہ چند روز قبل اسی کالج کے انٹر پارٹ سکینڈ کے 288بچوں کو بھی اسی صورت حال کا سامنارہا ،مذکورہ نجی کالج کی انتظامیہ نے اپنے واجبات بورڈ کو بروقت ادا نہیں کیے،اس صورت حال کے پیش نظرامتحان سے ایک روز قبل بورڈ حکام نے بورڈ کے اندر ایمر جنسی ڈیسک قائم کیا جہاں رات گئے تک مذکورہ نجی کالج کے بچوں نے اپنی امتحانی فیس جرمانہ کے ساتھ8سے 12ہزار روپے ادا کرکے انفرادی طورپر رول نمبر سلپس حاصل کیں اور اگلے روز امتحان میں شریک ہوئےلیکن اس بار صورت حال بہت سنگین ہے اگرانٹر پارٹ فرسٹ کا کوئی بچہ اپنی انفرادی فیس جمع کرا کررول نمبر سلپس وصول کرنا بھی چاہے تو اس کو فیس اور جرمانے کے ساتھ 80ہزار روپےفی کس جمع کرانے ہوں گے،تعلیمی حلقوں اور متاثرہ والدین کا کہنا ہے کہ ابھی وقت ہے امتحان20مئی سے شروع ہونے ہیں تعلیمی بورڈ ملتان بچوں کے مستقبل سے کھیلنے والے اس ادارے کو فوری طور پر بلیک لسٹ کرے،بورڈ کوئی ایسا راستہ نکالے جس سےان بچوں کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچایا جاسکے۔