کراچی (اسٹاف رپورٹر )ملی یکجہتی کونسل سندھ اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستا ن کے سرپرست اراکین نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےفلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یوم نکبہ کی مناسبت سے ’’عشرہ نکبہ ‘‘ 7مئی تا 16مئی منانے کا اعلان کیا ہے ،پریس کانفرنس کی میزبانی مجلس وحدت مسلمین کراچی کی جانب سے کی گئی جس سے سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ صادق جعفری، ڈاکٹر صابر ابو مریم ،ثقلین اسحاق، مفتی مرتضی رحمانی سمیت دیگر نے خطاب کیا،مقررین نے کہا کہ فلسطین پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے قیام کو77سال ہو چکے ہیں فلسطینی عوام ہر سال 15مئی یو م نکبہ یعنی فلسطین میں ہونے والی تباہی و بربادی کا دن مناتے ہیں، ہر انسان کی ذمہ داری ہے کہ فلسطین کے ساتھ ہونے والی خیانت اور نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرے،رہنماؤں کاکہنا تھا کہ پاکستان میں اگر کوئی اسرائیل سےتعلقات بنانے کی بات کرے گا تو وہ نظریہ پاکستان سے غداری کا مرتکب قرار پائے گا، مقررین کاکہنا تھا کہ یوم نکبہ کی مناسبت سے ملک بھر میں آگہی مہم چلائی جائے گی۔