راولپنڈی‘ پنڈی گھیب‘ کہوٹہ‘ اٹک‘ حسن ابدال (خبر نگار خصوصی‘ سٹاف رپورٹر‘ نمائندگان جنگ) ملک بھر کی طرح راولپنڈی اور دیگر شہروں میں سیاسی‘ سماجی‘ مذہبی تنظیموں‘ تاجروں‘ وکلاء اور سول سوسائٹی نے مسلح افواج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قوم بلاتفریق اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہر محاذ پر لڑنے کیلئے تیار ہے۔ راولپنڈی میں مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام ریلیوں اور یکجہتی مارچ کا انعقاد بھی کیا گیا۔ مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام راولپنڈی کے ضلعی صدر انجینئر مبین صدیقی اور اسلام آباد زون کے صدر احسان اللہ منصور کی قیادت میں لیاقت باغ سے چاندنی چوک تک پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں میونسپل لیبر یونین کے عہدیداران اور سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی۔ شرکاء نے کہا کہ مساجد کو نشانہ بنانا دشمن کی کمزوری اور بزدلی کی علامت ہے‘ ایسی حرکتیں انکی اخلاقی گراوٹ کا ثبوت ہیں۔ انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے زیر اہتما م پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی ۔اس موقع پر صدر ملک سہیل اعوان ،جنرل سیکرٹری راجہ ظفر یوسف ،وائس چیئرمین حماد قریشی ،چیئرمین مشتاق مغل ، سینئر نائب صدر راجہ اسلم کیانی ، نائب صدور ارشد مغل ،زبیر عباسی ،راحیل شہزاد ،طاہر اسماعیل ، افتخار علی ،راجہ مطیع الرمان ، محفوظ خان ، شیخ طیب اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کریں گے ۔ آبپارہ چوک میں (ن) لیگ کے ایم این ایز طارق فضل چودھری‘ راجہ خرم نواز‘ انجم عقیل اور دیگر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ پنڈی گھیب میں اسسٹنٹ کمشنر حافظ محمد زونیر یونس نے ٹی ایم اے سے نکالی جانیوالی ریلی سے خطاب کیا۔ ریلی میں ایم پی اے چوہدری شیر علی خان‘ ڈی ایس پی سجاد حسین‘ آفتاب احمد حیدری‘ تحصیلدار مہر محمد افضل ہراج‘ نائب تحصیلدار محمد حیات خان اور نائب تحصیلدار محمد عزیر خان نے شرکت کی۔ کہوٹہ میں انجمن تاجران کے زیراہتمام ریلی میں کرنل (ر) وسیم جنجوعہ‘ راجہ احمد صغیر‘ ڈاکٹر محمد عارف قریشی‘ مولانا عثمان عثمانی‘ مولا نا ظہور اعوان نقیبی‘ مولانا ادریس ہاشمی‘ حاجی ملک عبدالرئوف اور دیگر شریک تھے۔ اٹک میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید نے ریلی سے خطاب کیا ۔ حسن ابدال میں تحصیل انتظامیہ کی زیر قیادت ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں تاجروں سمیت سکھ اور مسیحی برادری کے نمائندے بھی شریک تھے۔