راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ماتحت اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی طرف سے کمشنر آفس کے ساتھ براہ راست سرکاری خط وکتابت کا نوٹس لے لیا۔ایڈیشنل کمشنر کوارڈنیشن کی طرف سے راولپنڈی ڈویژن کے ماتحت اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھجوائے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی طرف سے سرکاری خط و کتابت براہ راست کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو بھجوانا چین آف کمانڈ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ آئندہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی طرف سے سرکاری خط و کتابت متعلقہ ڈپٹی کمشنرز خود اپنی سفارشات کے ساتھ کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو بھجوایا کریں۔