• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن کیلئے عالمی کوششیں تیز‘ وزیر اعظم سے سعودی وزیر عادل الجبیر کی ملاقات

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )امن کیلئے عالمی کوششیں تیز‘ وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کی ملاقات‘ خطے کی کشیدہ صورتحال پر گفتگو‘برطانیہ ‘ جاپان اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ کا نائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ اسحاق ڈارکو فون ‘نائب وزیراعظم نے انہیں بھارت کے غیر قانونی اور بلا اشتعال حملوں کی وجہ سے علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور علاقائی امن قائم کرنے کے لیے سعودی حکومت کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس جارحیت سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں جبکہ سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے سعودی عرب کی جانب سے کشیدگی میں کمی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تصفیہ طلب تنازعات کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیاہے ۔ جمعہ کوشہباز شریف سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کی ملاقات ہوئی۔ سعودی وزیر پاکستان کے ایک روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔

اہم خبریں سے مزید