کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کیلئے مکمل طور پر بحال کردی گئی جس کا نوٹم جاری کردیا گیا۔ ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق ملک کے تمام ائیرپورٹس معمول کے فلائٹ آپریشن کیلئے دستیاب ہیں۔ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق مسافروں سے گزارش ہے کہ اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کیلئے متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کریں۔پاکستان میں فضائی بندش کے خاتمے کے ساتھ ہی پی ائی اے کا آپریشن بحال ہونا شروع ہوگیا۔پی آئی اے کے ترجمان نے فلائٹ آپریشن بحال ہونے کی تصدیق کی ہے۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی پیرس تا اسلام آباد پرواز پی کے 750 جو علی الصبح کوئٹہ اتار لی گئی تھی، رات 9 بجے اسلام آباد واپس روانہ ہوگی،پی آئی اے کے دیگر آپریشن بھی رات 10 بجے سے بحال ہوجائیں گے اور تمام رکی ہوئی یا تاخیر کا شکار پروازیں آپریٹ ہونگی۔