• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہلم ویلی لیپہ سمیت مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال بھارتی بمباری‘ 6 افراد زخمی

ہٹیاں بالا (نمائندہ جنگ) بھارتی فوج کی آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کے لیپہ سمیت مختلف سیکٹروں کی سول آبادی پر بلااشتعال گولہ باری و فائرنگ سے 6افراد زخمی ہو گئے۔ ووکیشنل ٹریننگ سکول لمنیاں کی عمارت سمیت متعدد رہائشی گھر جزوی طور پر تباہ ہو گئے۔ پاک فوج کا دندان شکن جواب بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی رات بھارتی فوج نے جہلم ویلی کے لیپہ سیکٹر سمیت دیگر سیکٹروں کی سول آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا سے ملحقہ علاقہ بنائو لانگلہ کے رہائشی محمد حفیظ ولد خانی زمان، سعید ولد خانی زمان، حامد ولد محمد حفیظ، عنائیہ دختر محمد حفیظ اور ہارون میر ولد سراج دین میرساکنہ لمنیاں زخمی ہو گئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہٹیاں بالا منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی گولہ باری سے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر لمنیاں کی عمارت سمیت متعدد رہائشی گھر جزوی طور پر تباہ ہو گئے۔ بھارتی گولہ باری کے بعد یونین کونسل لمنیاں کے عوام نے بنکرز نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 40 سال سے یونین کونسل لمنیاں کبھی بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے متاثر نہیں ہوئی۔ عوام نے بھی اپنے لئے کوئی محفوظ جگہ مورچے نہیں بنائے اور نہ ہی حکومت نے اس جانب توجہ دی‘ اب حکومت وقت کو اس جانب ہنگامی بنیادوں پر توجہ دینی چاہئے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سول آبادی لمنیاں مشکل سے دوچار ہے لیکن پھر بھی عوام علاقہ یونین کونسل لمنیاں کے حوصلے، جذبے اور ہمت بلند ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے تھے‘ کھڑے رہیں گے۔ پاکستان آرمی کا ساتھ دینے کیلئے ہم رضا کارانہ کمیٹیاں تشکیل دینگے جس سے ہم اپنی فوج اور عوام کی مشکل میں مدد کرینگے‘ انشاء اللہ اس جنگ میں فتح اسلام آباد اور پاکستان کی ہوگی۔
اہم خبریں سے مزید