کراچی(جنگ نیوز)پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے جاری آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص (آہنی دیوار) کے تحت دشمن بھارت کو بھرپور جوابی کارروائی کا سامنا ہے، جس میں روایتی محاذ سے لے کر سائبر محاذ تک پاکستان نے ہر میدان میں دشمن کو زبردست نقصان سے دوچار کیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی سائبر اٹیک ٹیم نے بھارتی انفارمیشن نیٹ ورک کو ہلا کر رکھ دیا۔ بی جے پی کی آفیشل ویب سائٹ، کرائم ریسرچ انویسٹیگیشن ایجنسی، ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ، بارڈر سیکیورٹی فورسز، آل انڈیا نیول ٹیکنیکل سٹاف ایسوسی ایشن، اور یونیک آڈنٹیفکیشن اتھارٹی سمیت درجنوں اہم ویب سائٹس ہیک کر لی گئیں۔پاکستانی سائبر ماہرین نے مہاراشٹرا اسٹیٹ الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن کمپنی کو ہیک کرکے پورے علاقے کی بجلی منقطع کر دی، جب کہ تمام کمرشل اور گھریلو میٹرز کا ڈیٹا مٹا دیا گیا۔ مزید برآں، بھارتی آسام رائفل، ڈیپارٹمنٹ آف اٹامک انرجی اور انڈین ڈیفنس پروڈکشن جیسی حساس ویب سائٹس کا ڈیٹا لیک کر کے ڈارک ویب پر جاری کر دیا گیا، جہاں بھارت کی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد بھی دنیا کے سامنے رکھے گئے۔2500 سے زائد بھارتی سرویلنس کیمرے ہیک ہونے سے نہ صرف بھارت کی داخلی سکیورٹی نظام کی قلعی کھل گئی بلکہ بھارتی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کھوکھلے دعوے بھی بے نقاب ہوگئے۔آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص میں پاکستانی قوم اور افواج کا جذبہ شہادت، ٹیکنالوجی پر دسترس، اور دشمن کو ہر محاذ پر زیر کرنے کا عزم پوری شدت سے نمایاں ہو رہا ہے۔ فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج رہی ہے، اور دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان ہر میدان میں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔