پشاور (ارشد عزیز ملک) خیبر پختونخوا کے علاقے کوہستان میں 40ارب روپے کی مالی بدعنوانی کے اسکینڈل میں بڑی اور سنسنی خیز پیشرفت ہوئی ہے، تحقیقات کے دوران اہم ملزمان کے گھروں پر چھاپوں کے دوران پاکستانی کرنسی، امریکی ڈالرز اور سونا سمیت مجموعی طور پر 1 ارب 59 کروڑ روپے کی خطیر رقم برآمد کی گئی ہے۔ ملزمان میں اعلیٰ سرکاری افسران اور ٹھیکیدار شامل ہیں، جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔کوہستان اسکینڈل کی خبر روزنامہ جنگ اور دی نیوز نے 30 اپریل کو شائع کی تھی، جس کے باعث ملک بھر میں ہلچل مچ گئی تھی۔ آڈٹ نے بھی کرپشن کی تصدیق کی تھی، جبکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی اسکینڈل پر کارروائی کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق، پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے مالیاتی اسکینڈلز میں شامل 12 ملزمان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ہیں تین افراد کے گھروں سے تین کلو سونا ،12کے گھروں سے ڈیڑھ ارب روپے برآمد ، جن کے نام فی الحال خفیہ رکھے جا رہے ہیں تاکہ تحقیقات اور ریکوری میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔