کوئٹہ /نوشکی (نمائندگان جنگ) نوشکی سے دو روز قبل اغوا ہونے والے چار افراد کی لاشیں برآمد، مقتولین کا تعلق پنجاب سے تھا ۔لیویز کے مطابق نوشکی کے علاقے گلنگور لیویز کو گزشتہ روز اطلاع ملی تھی کہ پہاڑ کے قریب چار لاشیں پڑی ہیں، لیویز نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال پہنچائیں جہاں ان کی شناخت معین ، حذیفہ ، عمران علی اور عرفان علی جن کا تعلق پنجاب کے پاکپتن اور رحیم یار خا ن سے ہوئیں، ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں ، لیویز نے بتایا کہ مقتولین کو دو روز قبل نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔درایں اثنا ءترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے نوشکی کے علاقے گلنگور سے چار افراد کی لاشوں کی برآمدگی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز اور بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ قتل کئے گئے افراد کا تعلق پنجاب کے اضلاع پاکپتن اور رحیم یار خان سے ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد ملک میں بین الصوبائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کر رہی ہے اور ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔