اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد) ڈیجیٹل معیشت میں پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیےپاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن صقیب نے پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر ناتالیا بیکر سے ملاقات کی جس میں بلاک چین، مصنوعی ذہانت (AI) اور نوجوانوں کی ترقی سے متعلق باہمی اہداف پر گفتگو کی گئی۔ملاقات کا محور پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی مہارتوں سے لیس کرنا اور امریکی اداروں اور پاکستان کے کاروباری ماحولیاتی نظام کے درمیان روابط قائم کرنا تھا۔ سی ای او کونسل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بلاک چین اور اے آئی کو اپنی مستقبل کی معیشت کا مرکز بنا کر عالمی سطح پر ایک مسابقتی جدت طراز ملک بننے کے لیے پرعزم ہے۔بلال بن صقیب نے کہا کہ مشترکہ پروگراموں، ٹیلنٹ ایکسچینج ،امریکی ٹیک کمپنیوں اور پاکستانی اسٹارٹ اپس کے درمیان اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشتوں (MOUs) کے آغاز کی منصوبہ بندی جاری ہے تاکہ دونوں ممالک کے مفاد میں طویل المدتی شراکت داری قائم کی جا سکے۔