• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوسلو: پاکستانی سفارتخانے میں بھارت کیخلاف پاکستان کی شاندار فتح پر تقریبِ یومِ تشکر

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور ’آپریشن بُنیان مرصوص‘ میں ان کے ساتھ کھڑی ہونے والی پاکستانی قوم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یومِ تشکر منایا گیا۔

تقریب میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ممبران بشمول مرد، خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

سفیرِ پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا، جس کے بعد کمیونٹی ممبران کی تقاریر، بچوں کی جانب سے قومی گیت و شاعری پیش کی گئی۔

حب الوطنی کے ماحول میں پاکستان کے ورثے کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، اس موقع پر سفارت خانے کو سبز رنگ کی روشنی میں بھی روشن کیا گیا۔

سفیرِ پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے اپنے خطاب میں پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم پوری قوم بالخصوص ناروے اور آئس لینڈ میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستانی مسلح افواج کے کامیاب آپریشن بُنیان مرصوص پر مبارک باد پیش کی اور پاکستان کی جارحیت کے خلاف جنگ میں پاکستانیوں کی لچک اور اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

انہوں نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنی آپریشنل مہارت اور مزاحمتی صلاحیت سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

سفیرِ پاکستان نے شہداء کی انمول قربانیوں کو بھی اجاگر کیا جنہوں نے 7 تا 10 مئی 2025ء بھارتی جارحیت کے دوران اپنی جانیں گنوائیں۔

آخر میں شہداء کے ایصالِ ثواب، بھارتی جارحیت میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی، پاکستان کی ترقی، خوش حالی، امن اور مقبوضہ جموں کشمیر کی غیر قانونی قبضے سے آزادی کے لیے دعاکی گئی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید