فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام یومِ تشکر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستان کی بہادر مسلح افواج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سفارت خانۂ پاکستان پیرس نے سمندر پار پاکستانیوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ آپریشن بُنیَان مَرصوص کی کامیابی کے حوالے سے یومِ تشکر و معرکۂ حق انتہائی جوش و جذبے سے منایا۔
فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے اس موقع پر ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے فوجی جوانوں کا دل کی گہرائیوں سے احترام کرتے ہیں جو مادرِ وطن کی خود مختاری کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے میں سفارت کاروں، میڈیا اور نوجوانوں کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
اس موقع پر سفارت خانے کا ہال ’پاکستان زندہ باد‘ اور ’پاکستانی افواج زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔
سفیرِ پاکستان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا جس طرح فوری طور پر منہ توڑ جواب دیا یہ پاکستانی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے سفیروں نے جہاں جہاں وہ تعینات ہیں وہاں اپنا مقدمہ شاندار طریقے سے لڑا ہے، میں اور میری ٹیم نے فرانسیسی حکام و میڈیا کے سامنے پاکستان کے مؤقف کو بھرپور طریقے سے پیش کیا، ان کو لمحہ با لمحہ حقائق اور صورتِ حال سے آگاہ رکھا جو کہ ہماری ذمے داری اور فرائض میں شامل ہے۔
سفیرِ پاکستان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے جس انداز میں بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دیتے ہوئے دشمن کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اس پر تمام قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں یہ بات سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔
انہوں کہا کہ پاکستانی میڈیا نے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ حصہ لے کر بھارتی پروپیگنڈے کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا، پاکستان کے ’سائبر واریئرز‘ کو بھی سلام ہے جو پاکستان کے خلاف ہندوستانی پروپیگنڈے کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور انہوں نے دشمن کے جھوٹ کو ہر قدم پر بے نقاب کیا۔
سفیرِ پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم اپنی بہادر اور جَری افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہَمہ وقت وطن کی پکار پر لبیک کہنے کو تیار ہیں۔
تقریب کے دوران شرکاء نے یک زبان ہو کر پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے بلند کیے اور افواجِ پاکستان کو بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
چیئرمین پاکستان بزنس فورم سردار ظہور اقبال، معروف کاروباری شخصیت چوہدری محمد عارف، چیئرمین ن لیگ راجہ علی اصغر، معروف کشمیری رہنما زاہد اقبال ہاشمی، نعیم چوہدری، چوہدری ماجد چیمہ، عصمت اللّٰہ تارڑ، شہلا رضوی، طاہرہ سحر و دیگر نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم اپنی مسلحِ افواج کے بہادری و جرأت سے دشمن کو فوری مؤثر جواب دینے پر انتہائی خوش ہیں اور یومِ تشکر منا رہے ہیں، ہمارے سر فخر سے بلند ہو گئے ہیں، مقامی لوگ ہمیں پہلے سے زیادہ عزت و احترام سے پیش آ رہے ہیں کہ یہ ایک باوقار اور بہادر ملک سے تعلق رکھتے ہیں۔
اس دوران پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے سفارت خانہ گونجتا رہا، تقریب کے اختتام پر خصوصی دعا کرائی گئی۔