پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد مسلح افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
اس سلسلے میں یورپ بھر میں پی ٹی آئی کے اوورسیز چیپٹرز نے ’پاکستان آرمی زندہ باد‘ مہم میں بھرپور انداز میں شرکت کی اور ریلیاں نکالیں۔
16 مئی بروز جمعہ ’یومِ تشکر‘ کے طور پر منایا گیا، اس دوران یورپی شہروں میں تقریبات منعقد کی گئیں۔
پیرس میں پاکستانی سفارت خانے میں ہونے والی تقریب میں پی ٹی آئی فرانس کے صدر عابد ملک، چوہدری ماجد چیمہ، عصمت تارڑ، چوہدری منیر وڑائچ سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب میں پاک فوج اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے، جس سے ماحول گرما گیا۔
مقررین نے کہا کہ وہ بانی چیئرمین اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سمیت تمام قائدین کی رہائی کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، مگر قومی سطح پر مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
یورپ کی معروف سیاسی شخصیت چوہدری بشیر بوسال آف اٹلی و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں نے پیرس میں گزشتہ دنوں پاکستان بزنس فورم فرانس کے چیئرمین سردار ظہور اقبال کے ہمراہ پاکستان مسلح افواج کی کامیابی کا جشن منایا اور یورپ بھر میں پاکستانی مسلح افواج زندہ باد مہم کا آغاز کیا۔