کراچی (اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے قائم مرکز پر پرمشتعمل افراد کی جانب سے دھاوا بولے جانے کے واقعہ کامقدمہ مومن آباد تھانے میں سرکارمدعیت میں درج کرلیا گیا، اتوارکوبھی مرکز بحالی امراض منشیات کے باہر علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا ، احتجاج کے دوران الزام عائد کیا گیا ہے کہ مرکز کے اندار باقاعدہ منشیات فروخت کی جا رہی ہے اوراس کے شواہد موجود ہیں مرکز میں زیرعلاج لوگوں کے ساتھ ظلم کیا جاتا ہے اوراس ظلم کی وجہ سے لوگ بھاگ رہے ہیں اورعلاقہ مکینوں کے گھروں میں داخل ہو رہے ہیں،تفصیلات کے مطابق مومن آباد تھانے کےعلاقے اورنگی ٹاؤن فقیرکالونی میں مرکزبحالی برائے منشیات پرمشتعمل افرادحملہ کرکے مرکز میں زیر علاج سو سے زائد منشیات کے عادی افراد کو فرار کروادیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے، پولیس کے مطابق مقدمہ ہنگامہ آرائی توڑ پھوڑ،اقدام قتل، جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے،املاک کو نقصان پہچانے سمیت دیگردفعات کے تحت درج کیاگیا۔