کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان شعبہ اقلیتی امور کے زیرِ اہتمام آرٹس کونسل میں "بھارتی جارحیت اور پاکستانی سالمیت" کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان ہر مذہب، ہر زبان اور ہر قومیت کے لوگوں کا ہے، پاکستان کی اصل روح تب مکمل ہو گی جب ہر شہری کو برابری کا درجہ حاصل ہوگا، ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان کی کامیابی کو تمام پاکستانی اپنا تحفظ سمجھتے ہیں، افواج پاکستان کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اسلحے سے نہیں، جذبے سے لڑتے ہیں، پاکستان کو سفارتی محاذ پر بھی تاریخی کامیابی ملی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسی جمہوریت چاہیے جو جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے بجائے کسانوں، مزدوروں، اور مڈل کلاس کی نمائندگی کرے، میں نے پانچ بار الیکشن لڑا لیکن پانچ روپے بھی خرچ نہیں کیے یہی عوامی سیاست کی اصل روح ہے، رکن قومی اسمبلی سنجے پروانی نے کہا کہ میں اس اسٹیج پر بطور پاکستانی کھڑا ہوں۔ ہم 1947سے یہاں ہیں اور کبھی واپس جانے کا سوچا بھی نہیں، رکن سندھ اسمبلی انیل کمار نے کہا کہ ہم آج کی خوشی پاک فوج، نیوی اور فضائیہ کی بدولت منا رہے ہیں، دس مئی پاکستان کی بقا کی جنگ تھی جسے ہماری افواج نے جیت لیا،اس موقع پر مرکزی رہنما ارشاد ظفیر، ابوبکر، ذاکر قریشی، منگلہ شرما طحٰہ احمد، پطرس یوسف و اراکین کمیٹی بھی موجود تھے۔