کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں مسلح افواج کی تاریخی کامیابی پر مختلف تنظیموں کی جانب سے یوم تشکر منایا گیا جن میں ہندو اور مسیحی برادری بھی شامل تھیں،یوم تشکر کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں جو کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئیں،شرکاء نے افواج پاکستان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا، مسیحی کمیونٹی کی جانب سے افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی، قیادت شہزاد چارلس نے کی ،کچھی کمیونٹی کی جانب سے ریلی کی قیادت عمران سمیجو او دِیگر نے کی ،شرکاء نے کہا کہ بھارت کے خلاف ہم پاکستان کے کامیاب آپریشن پر اظہارِ تشکر کا اظہار کرتے ہیں،ہندو اور مسیحی برادری نے بھی مسلح افواج کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا،پاکستان پیپلز پارٹی منارٹی ونگ کراچی ڈویژن کے تحت کالا بورڈ ملیر سے کراچی پریس کلب تک پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی ، قیادت پی پی پی اقلیتی ونگ سندھ کے صدر لال چند اوکرانی ، مشتاق مٹو اور ایم پی اے روما مشتاق مٹو نے کی، شرکاء نے مسلح افواج کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا، ہندو کمیونٹی نے مزارِ قائد کے وی آئی پی گیٹ سے ہنومان مندر تک ریلی نکالی ، شرکا نے بھارتی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی،شرکا کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ہر آزمائش میں قوم کی ڈھال بن کر کھڑی ہوتی ہیں اور آپریشن بنیان المرصوص اس بات کا ثبوت ہے،شرکاء نے کہا کہ ہم پاکستانی ہیں اور ہمارا دل پاک فوج کے ساتھ دھڑکتا ہے،شرکا نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر دشمن نے دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو کر اسے منہ توڑ جواب دے گی۔