• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افواج پاکستان اور شہریوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائینگی سی ای او کیسکو

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹوآفیسر کیسکوانجینئریوسف شاہ خان نے کہاہے کہ پاک فوج کی تاریخی فتح پر آج ہمیں یہ سعادت حاصل ہوئی ہے کہ پر ہم یومِ تشکر منارہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان نے اپنے دشمن بھارت کو زیر کرکے ایک عظیم فتح اور کامیابی حاصل کی اور اس جنگ میں ہماری مسلح افواج کے جوانوں نے دشمن کے خلاف فوری اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے اُن کا منہ توڑ جواب دیا جس پر ساری قوم کو فخرہے،یہ بات انہوں نے گذشتہ روز کیسکو ہیڈکوارٹرمیں یوم تشکر کے موقع پرتقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہاکہ اس جنگ میں ہماری افواج اورعام شہریوں نے اپنی جانوں کی بیش قیمت قربانیاں پیش کیں اوریہ قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔آج پور ی دنیا میں ہمارے ملک کو جو عزت ومقام حاصل ہے وہ سب ہماری بہادرافواج کا مرہون منت ہے جن سے اظہاریکجہتی کیلئے ہمیں متحدہوناچاہئے۔ انہوں نے کہاکہ یوم تشکر کے دن کی مناسبت سے ہمیں یہ عہد کرناچاہئے کہ ہم اپنے ملک کی سلامتی،اس کی بقاء اورترقی وخوشحالی کیلئے خلوص نیت،محنت اوردیانتداری کے ساتھ کام کریں گے اورمجھے یقین ہے کہ دُنیاکی کوئی طاقت پاکستان کو مضبوط خوشحال اورترقی یافتہ بننے سے نہیں روک سکے گی۔ کیسکو چیف نے کہاکہ آپ سب اپنے ملک اور کیسکوکمپنی کی بہتری،ترقی وخوشحالی کیلئے اپنا موثرکردارمحنت، ایمانداری اورفرض شناسی سےاداکریں۔ تقریب میں کیسکوکے تمام چیف انجینئرز، پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے مرکزی جوائنٹ صدر اور صوبائی چیئرمین حاجی محمدرمضان اچکزئی اورافسران و ملازمین نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی، افواج کی سربلندی اور کیسکوکمپنی کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
کوئٹہ سے مزید