اسلام آباد(نمائندہ جنگ )پاکستان نے آپریشن"بنیان المرصوص" میں شاہین میزائل کے استعمال کے حوالے سے بھارتی میڈیا کے بے بنیاد دعوؤں کو سختی سے مستردکرتے ہوئےکہاہے کہ اس طرح کی ڈس انفارمیشن مہمات آپریشن "سندور " میں بھارت کی ناکامیوں کو دانستہ طور پر چھپانے کی کوشش کا حصہ ہیں‘ پاکستان کی مسلح افواج نے پریسیزن گائیڈڈ، طویل فاصلے تک مار کرنے والے الفتح سیریز کے میزائل ایف 1 اور ایف 2 کے ساتھ ساتھ جدید گولہ و بارود‘لانگ رینج لوئٹرنگ کلر ڈرون اور طویل فاصلے تک مار کرنے والی آرٹلری(توپخانہ) کا استعمال کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ دعوے بھارتی فوج کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل کی جانب سے ایک ویڈیو کے اجراء کے بعد شروع ہوئے ہیں جس میں مبینہ طور پر پاکستان کے شاہین میزائل کا استعمال دکھایا گیا ۔ ترجمان نے کہا کہ یہ سمجھتے ہوئے کہ یہ دعویٰ بے بنیاد ہے، بھارتی فوج نے فوری طور پر گمراہ کن ویڈیو کو حذف کر دیا تاہم اس وقت تک بھارتی میڈیا کے بعض حصے پہلے ہی بغیر تصدیق کے جھوٹے بیانیے کو آگے بڑھا چکے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ ہندوستانی میڈیا ادارے اس ڈس انفارمیشن کا پرچار کررہے ہیں‘یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتی فوج کا آفیشل ہینڈل اس معاملے پر خاموش ہے جبکہ اس نے غلط پوسٹ کے لیے نہ تو وضاحت کی اور نہ ہی اس کی تردید کی ہے۔