لاہور (خبرنگار،نمائندہ خصوصی،جنرل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائیہ، بری اور بحری افواج نے بھارت کو تاریخی سبق سکھایا ہے اور دنیا کے آگے قوم کا سر فخرسے بلند کر دیا ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام ’مستقبل کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع‘ کے موضوع پر کانفرنس آن ایجوکیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کی برتری کا دور ہے،حالیہ پاک بھارت جنگ میں ٹیکنالوجی نے اہم کردار ادا کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد علی نے کہاکہ زندہ اور قائم رہنے کے لئے علم سب سے اہم ہے اور ٹیکنالوجی بھی علم سے ہی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اتحاد،سائنس، ٹیکنالوجی اور علم کے فروغ میں ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ طلباء طالبات کو متعلقہ شعبوں میں عملی مہارتوں سے خود کو آراستہ کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی نے وقت کے تقاضو ں کے مطابق بہترین کانفرنس کا انعقاد کیا جو قابل ستائش ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری نے کامیاب کانفرنس کے انعقا دپر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔پروفیسرڈاکٹر فہیم آفتاب ،ڈاکٹر محمد رمضان اوردیگر بھی شریک ہوئے۔