اسلام آباد(جنگ نیوز ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن اور نظام کو خود کار بنانے کیلئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔70 برس کے بگاڑ کو ٹھیک کرنے کیلئے سخت اقدامات ضروری ہیں،ٹیکس دینے والے افراد اور کاروبار کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینگے،ٹیکس چوری کرنے والے افراد اور کاروبار کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ایف بی آر اور اسکے معاون قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیکس آمدن میں اضافے کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں۔وزیرِ اعظم نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اپنی زیر صدارت ایف بی آر کے امور اور جاری اصلاحات پر بلائے گئے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں سیلز ٹیکس کی چوری کی روک تھام کیلئے نیشنل ٹارگیٹنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، اس نظام کے تحت مصنوعات کی نقل وحمل میں شامل گاڑیوں کو ای ٹیگ اور ڈیجیٹل ڈیوائس کے ذریعے براہ راست ٹریک کیا جائے گا۔