کراچی (افضل ندیم ڈوگر)بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود مزید 1ماہ بند رکھنے کا فیصلہ،فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو 1 ماہ میں 8ارب روپے کا نقصان ،بوئنگ 777اور ایئر بس طیاروں کی روزانہ 150پروازوں کو 2 سے 4 گھنٹے کا اضافی سفر کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی ایئر لائنز کو 1 ماہ میں صرف ایندھن کی مد میں 5 ارب روپے کے اضافی اخراجات آئے ہیں۔
طویل دورانیے کی بھارتی پروازوں کو اسٹاپ اوور کی مد میں 1 ماہ میں 3 ارب کے اخراجات الگ برداشت کرنا پڑے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ائیر لائنز کو ایک ماہ میں 800 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ، پابندی مزید برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جارہا ہے جس کا اعلان آج یا کل متوقع ہے ، جس کے بعد نوٹم جاری کیا جائے گا۔
پابندی برقرار رہنے کی صورت میں بھارتی حکومت نے اگر ایئر لائنز کے مطالبات کے مطابق خصوصی مدد نہیں کی تو انہیں آپریشن برقرار رکھنے کیلئے غیر معمولی اور بڑے فیصلے کرنا پڑ سکتے ہیں۔