کوئٹہ (پ ر)آرٹسٹ کمیونٹی کے رکن قاسم علی بگٹی، نجیب بلوچ، عبدلواسع، زبیر احمد، عادل شاہ اور سول سوسائٹی سے عبدالرزاق بلوچ، نادر علی ، محمدعثمان کاکڑ، مست حسین بگٹی، حکمت اللہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فائن آرٹس کالج بروری روڈ کوئٹہ کو بحال کیا جائے۔ سول سوسائٹی و آرٹسٹ کمیونٹی نے کہا ہے کہ سال2004 کو بروری روڈ میں مقامی آرٹسٹوں کے مطالبے پر صوبائی حکومت نے فائن آرٹ کالج کوئٹہ تعمیر کرنے کی منظوری دی،جو سن 2007 میں مکمل ہوا ، بلڈنگ کی تعمیر خالص آرٹ کے مزاج کے مطابق کی گئی جس میں اسٹوڈیوز، کلاس رومز، آفسز اور گیلری کی تعمیر اس وقت کے آرٹسٹ سوسائٹی کے مشورے سے تعمیر کی گئیں، لیکن کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر یہ کالج فعال نہیں ہو سکا۔ اس کے بعد سن2017 میں یہ عمارت جامعہ بلوچستان کو دس سال کےلیے سونپی گئی، تاکہ ایک آزاد اور خود مختیار کالج بننے میں معاونت ملے، لیکن پھر اچانک نگران وزیر اعلیٰ نے 2023 کو اپنے دور حکومت کے آخری روز ایک غیر آئینی آرڈر کے ذریعےالیکشن کمیشن کی سیکشن 230 کی خلاف ورزی کرتے ہوئےاور تمام ایس او پیز کو روندھتے ہوئے یہ بلڈنگ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسر (BUMHS) کو سونپ دیا، حالانکہ BUMHS کو حکومت کی طرف سے یونیورسٹی کی تعمیر کے لئے اراضی اور فنڈ بھی جاری کر دی گئی ہے، اس کے باوجود BUMHS کا اس بلڈنگ میں انٹری سے آرٹ کی ایکٹیوٹیز شدید متاثر ہوئے، اس غیر قانونی آرڈر سے سول سوسائٹی کو آرٹ کے حوالے سےشدید تشویش ہوئی تھی، ہم نے ہائی کورٹ میں ایک آئینی درخواست دائر کی جس میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ اس بلڈنگ سے جامعہ بلوچستان اور (BUMHS) کو بے دخل کر کے فائن آرٹ کا لج بحال کی جائے، لیکن عدالت نے درخواست خارج کردی، یاد رہے کہ پورے بلوچستان میں ہر شعبے کے لئے اپنے کالجز موجود ہیں، حکومت بلوچستان سیکڑوں کالجز چلارہا ہے لیکن فائن آرٹ کے طلبا کے لئے ایک بھی کالج موجود نہیں ہے، جو آرٹ کے طلبا کے لئے ایک المیہ اور ایک سوالیہ نشان ہے، فائن آرٹس کالج نہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان کے طلباء لاکھوں روپے خرچ کرکے دوسرے صوبوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے مجبور ہیں، اور کئی طلباء جو اخراجات برداشت نہیں کر سکتے تعلیم ادھورا چھوڑ دیتے ہیں، جس سے ان کا وقت ضائع ہورہا ہے اور ان کی صلاحیتیں ضائع ہورہی ہیں۔ لہذا آرٹسٹ و سول سوسائٹی چیف جسٹس سپریم کورٹ ، وزیرا علیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری ، سیکرٹری ایجو کیشن و کالجز سے اپیل کرتی ہے کہ بلوچستان کی واحد فائن آرٹ کا لج کی بحالی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ۔