• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی، منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ سخت گرمی میں شہر کے بیشتر علاقوں میں کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ نے کراچی کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، 12سے 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اور لوڈشیڈنگ فری علاقوں میں بھی مین ٹینس اور فالٹ کے نام پر بجلی کی طویل بندش کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کا ثبوت ہے، کے الیکٹرک کے ستائے عوام جگہ جگہ احتجاج اور مظاہرے کر رہے ہیں لیکن کے الیکٹرک، نیپرا اور حکومت نے کراچی کے عوام کے خلاف گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے، حکمران پارٹیاں کے الیکٹرک کی سہولت کار بنی ہوئی ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ اور فارنزک آڈٹ کروایا جائے، کراچی کے عوام کو کے الیکٹرک کی مہنگی ترین بجلی کے بجائے نیشنل گرڈ سے سستی اور بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ایئرپورٹ کے تحت ملیر و شاہ فیصل کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف ملیر شاہ فیصل کے الیکٹرک آئی بی سی پر جاری دھرنے کے تیسرے روز خطاب کرتے ہوئے کیا ،منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ اگر بدترین لوڈشیڈنگ کی صورتحال بہتر نہیں ہوئی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور کے الیکٹرک پر عائد ہوگی، ملیر اور شاہ فیصل کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید