کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین بذریعہ انٹرپول جرائم پیشہ افراد سے متعلق معلومات کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا ، اجلاس میں ایڈم اسمتھ انٹرنیشنل کے اے ڈی جی اشرف زبیرصدیقی،ڈی آئی جی میروائز نیاز،ڈی آئی جیز کرائم اینڈ انوسٹی گیشنز،اسٹبلشمنٹ،آئی ٹی سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی،اجلاس کو برطانیہ میں مختلف جرائم بالخصوص جنسی جرائم میں سزایافتہ اورملوث شہریوں سے متعلق معلومات کے تبادلوں اور دونوں ممالک کے اشتراک سے نگرانی کے نظام کے متعلق بتایا گیا، پاکستان کے تمام صوبوں اور قانون نافذ کرنے والے وفاقی اداروں میں انٹرپول ڈیسک اور فوکل پرسن تعینات ہیں ،انٹرپول ڈیسک کے ذریعے جرائم پیشہ افراد کی معلومات کا تبادلہ کیا جاتا ہے،جرائم پیشہ افراد سے متعلق معلومات کے تبادلہ کا دورانیہ طویل ہونے کی وجہ سے تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے،اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہاکہ سندھ پولیس کا انٹرپول ڈیسک ڈی آئی جی کرائم اینڈانوسٹی گیشنز کی نگرانی اور ماتحتی میں کام کرے گا۔