اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی کے نفاذ کے لیے بل قومی اسمبلی سے منظور کر لیا گیا۔منظور کیے گئے بل میں تجویز دی گئی کہ قدرتی گیس یا آر ایل این جی پر چلنے والے آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی عائد کی جائے اور لیوی کے نرخ میں فوری طور پر پانچ فیصد اضافہ کیا جائے۔وزیر پٹرولیم نےکہاکہ لیوی مرحلہ وار لگے گی، پہلے5فیصد پھر10فیصد اور لیوی مرحلہ وار 15فیصد اور20فیصد پر کیپ ہو جائیگی ،گزشتہ روز قومی اسمبلی میں گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس پر لیوی لگانے سے متعلق بل 2025کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ۔ جے یو آئی رکن عالیہ کامران کے مطالبے پر ارکان کی گنتی کی گئی جس پر حکومتی ارکان 99جبکہ اپوزیشن 44 نکلے۔ حکومتی ارکان زیادہ ہونے کے باعث تحریک پیش کرنے کی منظوری دی گئی تھی ۔