• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی پبلک اسکول کی بس پر حملہ بزدلانہ اقدام ہے ، ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی

کوئٹہ (پ ر) آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی اور کوئٹہ کراچی بس یونین نے خضدار میں آرمی پبلک اسکول کی بس پر ہونے والے بزدلانہ حملے کی مذمت کی ہے، ٹرانسپورٹروں کے ترجمان کے مطابق اس المناک واقعے میں معصوم طلباء کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے بلوچستان اور بالخصوص ٹرانسپورٹرز کمیونٹی کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے، ترجمان کے مطابق افسوسناک واقعہ کے سوگ میں باران لک چیک پوسٹ کیخلاف تحریک اور سر گرمیاں پیر 26 مئی تک ملتوی کردی گئی ہیں، ترجمان کے مطابق ایک اسکول بس، جو بچوں کو تعلیم کے مقدس سفر پر لے جا رہی تھی کو نشانہ بنانا ایک ایسا عمل ہے جو نہ صرف انسانیت سوز بلکہ اخلاقی، مذہبی اور معاشرتی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، معصوم بچوں کا خون بہانا کسی بھی صورت قابلِ معافی نہیں، ان بچوں کا کسی دشمنی، سیاست یا تصادم سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، یہ تو محض علم کی شمع جلانے والے ننھے چراغ ہوتے ہیں، جنہیں بجھا دینا ایک پوری نسل کو اندھیرے کی نذر کرنے کے مترادف ہے، بیان میں متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ٹرانسپورٹرز برادری ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ترجمان نے حکومتِ بلوچستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکام سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی شفاف اور فوری تحقیقات کر کے ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے دل دہلا دینے والے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔
کوئٹہ سے مزید