کراچی (اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں پانی وبجلی کی طویل بندش کے خلاف علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے، احتجاج کے باعث مختلف شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق کورنگی چکراگوٹھ اور ناصر جمپ پر عوام نے احتجاجاکورنگی روڈ کو ٹریفک کےلئے بند کردیا ، مظاہرین نے سڑک پر ٹائر جلائے اور کے الیکٹرک کے خلاف شدیدنعرے لگائے ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں 18 سے 20 گھنٹے بجلی بند کی جاتی ہے ، فی الفور لوڈشیدنگ کو ختم کیا جائے، ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک جام میں پھنسی گاڑیوں کو متبادل راستوں کی طرف بھیجا گیا ، کالا پل سی ایس ڈی سگنل کے قریب مکینوں نے سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کر کے احتجاج کیا جس کے سبب بد ترین ٹریفک جام ہوگیا ، لیاقت آباد کے مکینوں نے لیاقت آباد دس نمبر کے قریب احتجاجا سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا جس کے سبب دس نمبر ، سپر مارکیٹ اور اطراف کی سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام رہا ۔