کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کی تاریخی عمارتوں کو بحال کرنے کا کام جاری ہے، خالق دینا ہال، فریئر ہال، ایمپریس مارکیٹ کے بعد آج کراچی کی تاریخی عمارت ڈینسو ہال اینڈ لائبریری کو تزئین وا ٓرائش کے بعد بحال کردیا گیا ہےمختلف ادارے، بینک، ملٹی نیشنل کمپنیوں سے درخواست ہے کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر اس شہر کی خدمت کریں ،حکومت سندھ سے اگلے بجٹ میں کراچی نرسری کی فرنیچر مارکیٹ، حسین آباد کی فوڈ اسٹریٹ اور صدر کے لئے فنڈز رکھنے کی درخواست کی ہے، ان خیالات کا اظہار میئر نے اتوار کے روز ایم اے جناح روڈ پر واقع ڈینسو ہال اینڈ لائبریری کا تزئین و آرائش کے بعد افتتاح کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمداور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ہمارے شہر میں سب کچھ ہے اگر کسی بات کی کمی ہے تو وہ مٹی سے محبت ہے، انہوں نے کہا کہ 1886ء میں ڈینسو ہال کی عمارت تعمیر کی گئی تھی، یہ پہلی عوامی لائبریری تھی جس میں مقامی باشندے داخل ہوسکتے تھے۔