• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملزمہ کی گرفتاری کے باوجود 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا مالکان کو نہ مل سکا

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت پو لیس کی عدم توجہ کی وجہ سے ملزمہ کی گرفتاری کے باوجود تھانہ کھنہ کے علاقے غوری ٹاؤن سے چوری شدہ ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا مالکان کو نہ مل سکا، چوری کے الزام میں ملوث گھریلو ملازمہ کو لاہور پولیس نے گرفتار کرلیا، سارا سونا برآمد کر کے مبینہ طور پر ہڑپ کرلیا گیا۔ متاثرہ شہری نے پولیس حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ غوری ٹاؤن فیز تھری اسلام آباد کے رہائشی راشد سجاد کا کہنا ہے کہ 28 جنوری 2025ء کو گھریلو ملازمہ سکینہ اور نوشی جنہیں ایک روز قبل ہی کام پر رکھا تھا، نے گھر سے ایک کروڑ سے زائد مالیت کے طلائی زیورات اور ستر ہزار روپے کیش چرا لیا اور فرار ہوگئیں۔اس واقعہ کا مقدمہ نمبر 249/25 تھانہ کھنہ میں درج کرایا۔ واقعہ کے ٹھیک دو ماہ بعد سی آئی اے ماڈل ٹاؤن لاہور کی پولیس کے اہلکار ایک ملزم اور ایک ملزمہ کو لئے اسلام آباد ہمارے گھر پر آئے اور ملزمہ کی شناخت کروائی۔ جسے ہم نے پہچان لیا۔ یہ وہی ملزمہ تھی جس نے ہمارے گھر پر چوری کی تھی۔ ملزمہ نے بھی اعتراف جرم کیا اور بتایاکہ سارا سونا سی آئی اے کاہنہ پولیس کے تین اہلکاروں اے ایس آئی خاکد، کانسٹیبل عرفان اور کانسٹیبل احمد کے پاس ہے۔ ملزمہ کی شناخت کروانے کے بعد لاہور پولیس ملزمہ کو لئے واپس چلی گئی۔ اگلے روز ہم تھانہ کھنہ پولیس کو اپنے خرچہ پر ساتھ لئے لاہور گئے اور وہاں جاکر سی آئی اے ماڈل ٹاؤن، سی آئی اے کاہنہ سمیت تمام افسران سے ملے اور انہیں تمام حقیقت سے آگاہ کیا۔ ملزمہ کو بھی ڈی ایس پی فیصل شریف کے سامنے پیش کیا گیا۔ ملزمہ نے ڈی ایس پی کے سامنے بھی یہی بیان دیا کہ چوری اسی نے کی تھی اور سارا سونا سی آئی اے کاہنہ میں تعینات تین پولیس اہلکاروں اے ایس آئی خالد، کانسٹیبل عرفان اور کانسٹیبل احمد کو دے دیئے تھے۔ لیکن آج اس واقعہ کو چار ماہ گزرنے کے باوجود ہماری ریکوری نہیں ہوسکی۔
اسلام آباد سے مزید