فیصل آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن چیف خرم مختار نے کراچی کی بندرگاہوں پر برآمدی کنٹینرز کے بڑھتے ہوئے رش اور یورپ و امریکا سمیت اہم عالمی منڈیوں کے لیے ٹرانزٹ میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت عالمی شپنگ لائنز سے رابطہ کرکے مین لائن ویسل کالز بڑھائے ، بڑی شپنگ لائنز کے جہاز بندرگاہوں سے برآمدی کنٹینرز لئے بغیر واپس جا رہے ہیں جس کی وجہ سے برآمدی آرڈرز کی ترسیل میں تاخیر ہو رہی ہے۔ اس وقت صرف چھوٹے فیڈر جہاز ہی پاکستانی بندرگاہوں پر آ رہے ہیں اور کولمبو کے راستے برآمدی سامان کی ترسیل سے مزید تاخیر ہو رہی ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں برآمد کنندگان کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے جبکہ عالمی منڈی میں پاکستان کی تجارتی ساکھ کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ درآمدی کنٹینرز بھی بندرگاہوں پر پھنسے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے۔