کراچی( اسٹاف رپورٹر )ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی اور مشکوک سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ حکام کےمطابق ایران اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔مسافروں کی شناخت خالد بلوچ، محمد عارف اور امین کے نام سے ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ خالد بلوچ اور محمد عارف نامی مسافر پاکستانی پاسپورٹ پر قطر جا رہے تھے۔ مسافروں کے پاسپورٹ پر ورک ویزے لگے ہوئے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کا تعلق ایران سے ہے۔ملزمان نے فی کس 110000 روپے میں ایجنٹ سے پاسپورٹ حاصل کئے۔ملزمان نے جعلی سازی اور دھوکہ دہی سے پاکسانی پاسپورٹ حاصل کئے۔ایک اور کارروائی میں جعلی پاسپورٹ اور جعلی پروٹیکٹر کی بنیاد پر سعودی عرب جانے والے افغان شہریکو گرفتار کیا گیا۔امین نامی ملزم فلائٹ نمبر FZ334 کے ذریعے سعودی عرب جا رہا تھا۔ملزم کی جانب سے پیش کیا گیا پاسپورٹ اور پروٹیکٹر جعلی نکلا۔ سکینڈ لائن آفس اور آن لائن ریکارڈ کے مطابق بھی مذکورہ پاسپورٹ اور پروٹیکٹر جعلی نکلے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کا تعلق افغانستان سے ہے اور ملزم غیر قانونی طریقے سے چمن بارڈر پار کر کے کوئٹہ آیا ملزم نے مذکورہ پاسپورٹ بھاری رقوم کے عوض ایجنٹ سے حاصل کیا۔ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔