اسلام آباد (ساجد چوہدری) نیب نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں مبینہ دو ارب روپے کی میگا کرپشن پر آر ڈی اے فنانس ڈائریکٹوریٹ کے دو سابق افسران سمیت دیگر کو (آج)جمعرات کو طلب کر لیا، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر کو بنک کو سی ڈی آرز جاری کرنے کی وجوہات اور متعلقہ افراد کی مکمل تفصیلات لانے کی ہدایت ، نیب کی طرف سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آرڈی اے کے بنک اکاؤنٹس سے بغیر قانونی جواز مختلف افراد کو سی ڈی آرز جاری کرانے اور محکمانہ فنڈز کے مبینہ غبن کے الزام میں نیب نے آر ڈی اے کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس ارشد کو انکوائری کیلئے طلب کیا ہے، نیب راولپنڈی کی جانب سے جاری کال اپ نوٹس کے مطابق ان پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس آر ڈی اے کے دیگر افسران کے ساتھ مل کر سرکاری بینک سٹی برانچ راولپنڈی میں ادارے کے دو اکاؤنٹس سے بلا قانونی جواز مختلف افراد کو سی ڈی آرز جاری کرنے کی ہدایات دیں جس سے ادارے کے فنڈز کو نقصان پہنچا۔