پشاور(ارشد عزیز ملک )خیبر پختونخوا کے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے ایک سینئر افسر، ڈاکٹر ازلان اسلم نے ادارے میں جاری کرپشن، اقربا پروری اور غیر قانونی تعیناتیوں کیخلاف احتجاجاً اپنے عہدے سے معذرت کرلی ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میں ایسے سسٹم میں کام ہی نہیں کر سکتا جس میں عوام کا تحفظ اور مفاد خطرے میں ہو اور ان کا خون چوسا جا رہا ہو۔ ایسے نظام میں کام کرنا ممکن نہیں جہاں عوامی مفاد کو مسلسل خطرے میں ڈالا جا رہا ہو اور ادارہ کرپٹ عناصر کے ہاتھوں یرغمال ہو۔ ایس ایچ او ڈاکٹر ازلان اسلم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ادارے میں ’’بے تحاشہ کرپشن، بدعنوانی اور غیر قانونی اربابِ اختیار کی تعیناتیوں‘‘ نے انہیں مجبور کیا کہ وہ اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے مزید کام کرنے سے انکار کر دیں۔